ناہید رانا کو بگ بیش لیگ کے لیے این او سی ملنے کا امکان نہیں

بنگلہ دیش کے فاسٹ بائولر ناہید رانا کو آئندہ بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی ملنے کا امکان انتہائی کم ہے۔

ڈھاکا ۔8ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کے فاسٹ بائولر ناہید رانا کو آئندہ بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی ملنے کا امکان انتہائی کم ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق مختلف بگ بیش فرنچائزز ناہید رانا کو حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، جن میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز اور میلبورن کی ایک ٹیم بھی شامل ہے۔بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ناہید رانا کی جانب سے این او سی کے لیے ابھی کوئی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔ اگر وہ درخواست دیتے ہیں تو بورڈ اس پر فیصلہ کرے گا، تاہم بین الاقوامی مصروفیات کے باعث این او سی ملنے کے امکانات بہت کم ہیں۔بورڈ ناہید رانا کی حالیہ انجری کو بھی مدنظر رکھ رہا ہے۔ 23 سالہ فاسٹ بائولر ناہید رانا گریڈ 2 سائیڈ سٹرین کے باعث آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے اور رواں ہفتے دوبارہ بولنگ شروع کی ہے۔

ناہید رانا ستمبر میں ایشین گیمز میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔ بنگلہ دیشی ٹیم میں ان کی اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران واپسی متوقع ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش اکتوبر اور نومبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گا، جبکہ نومبر اور دسمبر میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گا، جہاں 2 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور 3 ٹی20 میچز شیڈول ہیں۔بگ بیش لیگ کا آئندہ سیزن 12 دسمبر سے 26 جنوری تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں