سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (STI) اسلام آباد کے زیرِ تربیت افسران کے وفد نے حیدرآباد کا دورہ کیا، جہاں شہباز ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے وفد کو شہر کے مکمل اور زیرِ تعمیر اہم ترقیاتی منصوبوں
سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (STI) اسلام آباد کے زیرِ تربیت افسران کے وفد کا حیدرآباد کا دورہ

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 08 ستمبر (اے پی پی):سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (STI) اسلام آباد کے زیرِ تربیت افسران کے وفد نے حیدرآباد کا دورہ کیا، جہاں شہباز ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے وفد کو شہر کے مکمل اور زیرِ تعمیر اہم ترقیاتی منصوبوں، شہری انفراسٹرکچر اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبے متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داریوں کے تحت مکمل کیے جاتے ہیں جبکہ بڑے منصوبوں میں ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی کے دوران شہریوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز اور ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے تاکہ مؤثر اور عوام دوست منصوبہ بندی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے وفد کو آٹوبھان روڈ، سحرش نگر بائی پاس، حسن علی آفندی پارک اور نیاز سٹیڈیم سمیت مکمل کیے گئے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ آٹوبھان روڈ فیز ٹو، شہباز فلائی اوور تا لطیف آباد نمبر 7 ڈوئل روڈ، علمدار چوک تا سابق این ایچ-5 روڈ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور اور پھلیلی پل تا کالی موری کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شہر کی خوبصورتی، تاریخی و ثقافتی عمارتوں اور خستہ حال یادگاروں کی بحالی کے اقدامات سمیت سول ہسپتال کی منتقلی کے مجوزہ منصوبے سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے موجود واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بہتری اور نئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب پر بھی کام جاری ہے۔ بریفنگ کے دوران زیرِ تربیت افسران نے صاف پانی کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کے انتخاب اور ترجیحات، منصوبوں کی نگرانی اور شہری ضروریات سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے تفصیلی جوابات دیے۔ تقریب کے اختتام پر وفد کے نمائندے کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ وفد کی جانب سے کمشنر حیدرآباد کو بھی یادگاری شیلڈ دی گئی۔ اس موقع پر دیگر زیرِ تربیت افسران کو ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ کمشنر حیدرآباد کی جانب سے سندھی ثقافتی لونگیاں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔








