مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 پاکستان نے ملائیشیا کو 2-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے پول B کے ایک اہم میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے پول B کے ایک اہم میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ابھی تک ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری فتح حاصل کی ہے۔ علی حمزہ مین آف دی میچ قرار پائے۔ میچ کا آغاز سنسنی خیز رہا جہاں 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم پاکستان کی قومی جونیئر ٹیم نے دوسرے ہاف میں زبردست کم بیک کیا اور ملائیشیا کے دفاع کو تہس نہس کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں ندیم خان کے شاندار گول سے شروع ہوا جس نے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کر کے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلائی۔

پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں بیک ٹو بیک دو خوبصورت گول داغ کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔ 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کر کے سکور 1-5 کر دیا۔ میچ کے 54 ویں منٹ میں ملائیشیا کے گناسیلن دھیرش نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول سکور کیا، لیکن پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 2-5 سے فتح اپنے نام کی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار فتح پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آنے والے میچز میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔

 

مزید خبریں