اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلزمیں ”جشن میلاد النبی ؐ“ کے عنوان سے پروقار سیرت کانفرنس

اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں ”جشن میلاد النبی ؐ“ کے عنوان سے پروقار سیرت کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کا مقصد طالبات کے دلوں کو ذکر رسول اکرم ؐ سے منور کرنے کے ساتھ انہیں حیات طیبہ کے جامع عملی نمونے اور تعلیمات نبویؐ سے روشناس کرانا تھا

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں ”جشن میلاد النبی ؐ“ کے عنوان سے پروقار سیرت کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کا مقصد طالبات کے دلوں کو ذکر رسول اکرم ؐ سے منور کرنے کے ساتھ انہیں حیات طیبہ کے جامع عملی نمونے اور تعلیمات نبویؐ سے روشناس کرانا تھا۔کانفرنس میں ممتاز اسلامی سکالرز نے خصوصی شرکت کی اور عصرِ حاضر کے سماجی، روحانی اور فکری مسائل کے مختلف پہلوئوں پر بصیرت افروز خطابات کیے۔ بحریہ یونیورسٹی کے ہیڈ آف اسلامک سٹڈیز ڈاکٹر سید محمد شاہد ترمذی نے ”سماجی رویے اور سیرت النبی ؐ“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی، ماحولیاتی ذمہ داریوں اور جدید معاشرتی مسائل کے حل کے لیے سیرتِ نبویؐ سے رہنمائی حاصل کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ طاہر اسلام عسکری نے ”سیرت النبی ؐ کی روشنی میں صحابیاتؓ“ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اسلامی تاریخ میں صحابیاتؓ کے نمایاں کردار، علمی خدمات اور اسلامی فکر کی تشکیل میں ان کی اہم خدمات پر روشنی ڈالی۔دعوۃ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبد المنان زاہدی نے اسلامی دعوت کے جدید طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے کردار سازی، نوجوانوں کی فکری رہنمائی اور سیرت نبوی ؐ کی روشنی میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کی اہمیت بیان کی۔اس دوران طالبات کے لیے معلوماتی سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں طلبہ نے مقررین سے مختلف سوالات پوچھ کر اپنی علمی تشنگی دور کی۔تقریب کے اختتام پر کالج کی پرنسپل نے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور ان کی علمی و فکری رہنمائی کو سراہا۔

 

مزید خبریں