جرمن اعزازی قونصل میر مراد بلوچ کا منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا سے ملاقات ،نوجوانوں کی فنی تربیت اور جرمن زبان کے فروغ پر تبادلہ خیال

بلوچستان میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا)کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون سے ملاقات کی

کوئٹہ۔ 08 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا)کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون سے ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں عالمی سطح پر روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کے لیے منظم ایکسپوژر پروگرامز، مشترکہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) تقریبات، سافٹ اسکلز ڈویلپمنٹ فریم ورک اور بی ٹیوٹا کے مختلف اداروں میں جرمن زبان کے کورسز متعارف کرانے کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرخون نے اعزازی قونصل میر مراد بلوچ کو ادارے کے جاری اقدامات، مختلف علاقوں تک ادارہ جاتی رسائی اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔میر مراد بلوچ نے نوجوانوں کی ترقی اور فنی تربیت کے شعبے میں بی ٹیوٹا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جرمنی کے ووکیشنل ٹریننگ فریم ورک اور بلوچستان کے فنی تربیتی اداروں کے درمیان روابط کے فروغ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر فنی اور پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے اور جرمن فنی تربیتی نظام سے روابط کے لیے طویل المدتی تعاون کا فریم ورک قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

 

مزید خبریں