یو ایس اوپن مینز سنگلز ،امریکا کے فرانسس ٹیافو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچ گئے

امریکا کے فرانسس ٹیافو سنسنی خیز مقابلے کے بعد یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2026 میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ ان کے ہموطن حریف ایلکس مشیلسن شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

نیویارک۔9ستمبر (اے پی پی):امریکا کے فرانسس ٹیافو سنسنی خیز مقابلے کے بعد یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2026 میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ ان کے ہموطن حریف ایلکس مشیلسن شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

بی بی سی کے مطابق رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں جن میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔آرتھر ایش سٹیڈیم میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں 28 سالہ میزبان ٹینس سٹار فرانسس ٹیافو نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 22سالہ ہم وطن حریف کھلاڑی ایلکس مشیلسن کو 7-5، 6-3، 5-7، 3-6 اور 6-7(6-10)سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ فرانسس ٹیافو نے 4 گھنٹے 39 منٹس کے اعصاب شکن مقابلے کے بعد تاریخی واپسی کرتے ہوئے اپنے کیریئر میں تیسری بار یو ایس اوپن کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔

اس فتح کے ساتھ ہی وہ 2005 میں آندرے آگاسی کے بعد دو سیٹ سے پیچھے رہنے کے بعد فیصلہ کن سیٹ کے ٹائی بریکر میں گرینڈ سلام کوارٹر فائنل جیتنے والے دوسرے مرد کھلاڑی بن گئے ۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسس ٹیافو کا کہنا تھا کہ وہ اس کامیابی پر انتہائی پرجوش ہیں لیکن اب ان کی نظریں صرف سیمی فائنل پر نہیں بلکہ ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شروعات میں وہ اور شائقین دونوں ذرا سست تھے لیکن میچ آگے بڑھنے کے ساتھ آرتھر ایش سٹیڈیم کا ماحول شاندار ہوتا گیا۔ دوسری جانب 22 سالہ ایلکس مشیلسن نے تسلیم کیا کہ تیسرے سیٹ میں کامیابی کے قریب پہنچ کر نروس ہونے کی وجہ سے ان کا کنٹرول ختم ہوا جس کا فرانسس ٹیافو نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ سیمی فائنل میں فرانسس ٹیافو کا مقابلہ دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز یا بن شیلٹن میں سے کسی ایک سے ہوگا۔