سیکرٹری سپورٹس پنجاب کی زیرصدارت اہم اجلاس کا انعقاد

سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے اجراء کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے شرکت کی

لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے اجراء کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے شرکت کی، جبکہ بنک آف پنجاب کے ہیڈ آف مارکیٹنگ اسد ضیائ، سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ بدھ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے اجرائ، کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ کی فراہمی اور کارڈودیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بنک آف پنجاب کے افسران نے اجلاس کوبریفنگ دی۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارڈ کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے

جبکہ کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ کی رقم اب اتھلیٹس کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، 300 سے زائد کھلاڑیوں کو اتھلیٹس کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہمارا ہدف ایک ہزار کھلاڑیوں کو کارڈ کا اجراء کرنا ہے،سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈکا ڈیزائین فائنل ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارڈ کے ذریعے پلاٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے، گولڈ کیٹیگری میں 75 ہزار روپے جبکہ سلور کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 50 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کبڈی ، ہاکی ، ٹینس سمیت کھیلوں کے بہترین کھلاڑیوں کو جاری کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔