بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، سٹیزن فسیلیٹیشن اینڈ گڈ گورننس بل 2026 ء پر غور

بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین خیرجان بلوچ کی زیرصدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس سے قبل اراکین کے باہمی اتفاق رائے سے خیر جان بلوچ کو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا

کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین خیرجان بلوچ کی زیرصدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس سے قبل اراکین کے باہمی اتفاق رائے سے خیر جان بلوچ کو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔اجلاس میں علی مدد جتک، صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو، اصغر علی ترین، زرین مگسی اور عبید اللہ گورگیج نے شرکت کی، جبکہ خصوصی دعوت پر قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اس موقع پر سیکرٹری بلوچستان صوبائی اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، ایڈیشنل سیکرٹری قانون سعید اقبال، معاون خصوصی داخلہ بابر یوسفزئی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں "بلوچستان سٹیزن فسیلیٹیشن اینڈ گڈ گورننس بل، 2026” زیرِ بحث رہا۔

بل کا مقصد صوبے میں شہریوں کو موثر سہولیات کی فراہمی اور اچھی طرز حکمرانی کے لیے ایک مربوط اور جوابدہ سول انتظامی نظام قائم کرنا ہے۔بل کے تحت سول انتظامیہ کے فرائض اور ذمہ داریوں کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ شہری سہولت کاری، شکایات کے ازالے، بین المحکمہ رابطہ کاری، کارکردگی کی بنیاد پر احتساب اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے موثر نظام وضع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی محکموں، ضلعی انتظامیہ اور مقامی حکام کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے عوامی خدمات کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔کمیٹی نے بل کی مختلف شقوں پر تفصیلی غور کیا۔ اراکین نے اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں اور بل کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی خیر جان بلوچ نے اراکین کا شرکت اور مفید تجاویز پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔