وفاقی وزیراحدچیمہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں کی ملاقات، ایم ایل ون منصوبے کے ڈیزائن کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ نے کہاہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ایم ایل ون منصوبے کو انتہائی اہمیت دے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ منصوبہ جلد از جلد عملی مرحلے کی جانب بڑھے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے حکام سےملاقات میں کہی ،ملاقات میں مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا …

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ نے کہاہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ایم ایل ون منصوبے کو انتہائی اہمیت دے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ منصوبہ جلد از جلد عملی مرحلے کی جانب بڑھے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے حکام سےملاقات میں کہی ،ملاقات میں مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور منصوبے کے ڈیزائن کی بروقت تکمیل اور اس کے بعد کے تیاری کے مراحل پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے بتایاکہ اس کی تکنیکی ٹیم اور منصوبے کے کنسلٹنٹس ایم ایل ون پر سرگرمی سے کام کر رہے ہیں اور منصوبے کے ڈیزائن کو اکتوبر کے اندر حتمی شکل دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اے ڈی بی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ منصوبے کا ڈیزائن حتمی ہونے کے بعد حکومت کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سےخریداری اور اس کے بعد کے دیگر مراحل کو بروقت آگے بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ سینیٹر احد چیمہ نے اے ڈی بی اور اس کی تکنیکی ٹیموں کی جانب سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور جاری کام کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان قریبی رابطے اور موثر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ایم ایل ون منصوبے کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ منصوبہ جلد از جلد عملی مرحلے کی جانب بڑھے۔

انہوں نے اے ڈی بی کے وفد کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان اپنی جانب سے تمام ضروری تقاضوں کو بروقت پورا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور منصوبے کے تمام مراحل میں ضروری سہولت اور تعاون فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر نے منصوبے کے عملی شیڈول کا مسلسل جائزہ لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ جہاں ممکن ہو، تمام تکنیکی، قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے منصوبے کی مدت کو مزید بہتر اور موثر بنایا جا سکے۔ اے ڈی بی کے نمائندوں نے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم اور کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے پر بروقت پیش رفت یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے آئندہ مراحل اور منظوریوں سے متعلق ضروری تقاضے، بشمول اے ڈی بی بورڈ میں غور کے لیے درکار امور، حکومتِ پاکستان کے ساتھ بروقت شیئر کیے جائیں گے۔ اجلاس میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فن، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر، سیکرٹری ریلویز مظہر علی شاہ، سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، وزارتِ ریلویز کے ڈائریکٹر جنرل پلاننگ اور متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

ملاقات میں ایم ایل ون منصوبے کے ڈیزائن کو بروقت حتمی شکل دینے اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی جانب مسلسل پیش رفت کے لیے حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔