خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی میں آئل ملز مالکان کیلئے خوردنی تیل کی فورٹیفکیشن سے متعلق ایک روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے کمیٹی روم پشاور میں بدھ کے روز خوردنی تیل ملز مالکان کیلئے وٹامن اے اور ڈی کے ساتھ خوردنی تیل کی لازمی فورٹیفکیشن اور اسکی اہمیت کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔فوڈ اتھارٹی تر جمان کے مطابق تربیتی سیشن کا اہتمام نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے کیا گیا، جس میں خوردنی تیل کے معیار، کوالٹی اشورنس، کوالٹی …

پشاور۔ 09 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے کمیٹی روم پشاور میں بدھ کے روز خوردنی تیل ملز مالکان کیلئے وٹامن اے اور ڈی کے ساتھ خوردنی تیل کی لازمی فورٹیفکیشن اور اسکی اہمیت کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔فوڈ اتھارٹی تر جمان کے مطابق تربیتی سیشن کا اہتمام نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون سے کیا گیا، جس میں خوردنی تیل کے معیار، کوالٹی اشورنس، کوالٹی کنٹرول، فوڈ سیفٹی پروٹوکولز اور خوردنی تیل کی وٹامن اے اور ڈی کے ساتھ لازمی فورٹیفکیشن سے متعلق امور پر تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کی، جبکہ ڈائریکٹر آپریشنز حلال فوڈ اتھارٹی محمد یوسف خان، نیوٹریشن انٹرنیشنل کے پروانشل مینیجر امتیاز علی شاہ، ڈاکٹر یاسر درانی سمیت خوردنی تیل و گھی ملز کے نمائندگان اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ امتیاز علی شاہ نے خیبر پختونخوا میں غذائی قلت کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے صوبے میں غذائی قلت اور مائیکرونیوٹرینٹ کی کمی کے خاتمے کے لیے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور مختلف پروگرامز پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر یاسر درانی نے خوردنی تیل کی لازمی فورٹیفکیشن کی اہمیت، اس کے غذائی فوائد اور عوامی صحت پر اس کے مثبت اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ خوردنی تیل میں ضروری وٹامنز کی مناسب مقدار شامل کرنا غذائی کمی، خصوصاً وٹامن اے اور ڈی کی کمی کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس عمل میں معیار، درست تناسب، مؤثر کوالٹی کنٹرول اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی۔تربیتی نشست کے دوران خوردنی تیل و گھی ملز کے نمائندگان کو کوالٹی اشورنس، کوالٹی کنٹرول اور فوڈ سیفٹی پروٹوکولز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا تاکہ مارکیٹ میں محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوردنی تیل کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر شرکاء کی جانب سے مختلف تجاویز اور سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

شرکاء نے فورٹیفکیشن کے عمل کو مؤثر بنانے، صنعت اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط کرنے اور عملی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز دیں۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت، متعلقہ اداروں، صنعت اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً خوردنی تیل چونکہ روزمرہ خوراک کا اہم حصہ ہے، اس لیے اس کے معیار، حفاظت اور غذائیت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ اور صحت مند خوراک کی فراہمی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

صنعت اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے نہ صرف فوڈ سیفٹی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے شرکاء کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عملی مشکلات اور صنعت کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے مربوط حکمت عملی کے ذریعے فورٹیفکیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فوڈ اتھارٹی کا مقصد صرف نگرانی اور کارروائی تک محدود نہیں بلکہ صنعت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آگاہی، تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کرتے ہوئے محفوظ اور معیاری خوراک کے نظام کو مزید مستحکم کرنا بھی ہے۔