وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفری دستاویزات کی تصدیق میں سہولت دینے کیلئے مربوط نظام وضع کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفری دستاویزات کی تصدیق میں سہولت دینے کیلئے مربوط نظام وضع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق انہوں نے سفری دستاویزات اور ضروری کاغذات کی بروقت تصدیق یقینی بنانے کیلئے مربوط اور تیز رفتار نظام وضع کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر قانون کی زیرصدارت پاسپورٹ رولز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، محکمہ پاسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ضروری کاغذات کی تصدیق کیلئے مربوط نظام وضع کیا جائے اور ریکارڈ کی تصدیق کے عمل کو تیز رفتار اور آسان بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تصدیق کے عمل کیلئے واضح ٹائم لائن مقرر کی جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وفاقی وزیر نے وزارت داخلہ کی سطح پر الیکٹرانک طریقہ کار وضع کرنے اور ضروری کارروائی آن لائن مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے تصدیق کے عمل کیلئے ون ونڈو پورٹل متعارف کرانے کی تجویز دیتے ہوئے قواعد و ضوابط میں بہتری کیلئے تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ متعلقہ ادارے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے واضح لائحہ عمل پیش کریں تاکہ نظام کو مزید موثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جا سکے۔