جونیئر ایشیا کپ 2026 پاکستان کی مرد اور خواتین ہاکی ٹیموں کی شاندار کامیابی کے نتیجے میں مینز ٹیم سیمی فائنل اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی جبکہ ویمنز ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی
جونیئر ایشیا کپ 2026 پاکستان کی شاندار کامیابی، مینز ٹیم سیمی فائنل اور ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر گئی، ویمنز ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):جونیئر ایشیا کپ 2026 پاکستان کی مرد اور خواتین ہاکی ٹیموں کی شاندار کامیابی کے نتیجے میں مینز ٹیم سیمی فائنل اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی جبکہ ویمنز ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ پاکستان جونیئر ایشیا کپ 2026 میں قومی مرد اور خواتین ہاکی ٹیموں نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پول B کے اہم مقابلے میں پاکستان جونیئر مینز ہاکی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے دھول چٹا دی۔ میچ کا آغاز ہی پاکستان کے مکمل کنٹرول کے ساتھ ہوا جہاں رانا ولید نے 9 ویں اور 12 ویں منٹ میں مسلسل دو بہترین فیلڈ گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی۔ میچ کے 52 ویں منٹ میں غلام مصطفیٰ نے شاندار موو بناتے ہوئے تیسرا گول سکور کر کے فتح پر مہر ثبت کی۔ غلام مصطفیٰ کو شاندار پرفارمنس پر ’’مین آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل اور جونیئر ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
دوسری جانب ویمنز جونیئر ایشیا کپ کے چیلنجر پول کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان اور قازقستان کا مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ قازقستان کی امان گیلدی ژانسایا نے 15 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی تاہم پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کیا۔ چوتھے کوارٹر کے 55 ویں منٹ میں پاکستان کی کپتان شارقہ سرور نے بہترین فیلڈ گول سکور کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ اس ڈرا کے بعد قومی ویمنز ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی مینز ٹیم کو سیمی فائنل اور ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے جبکہ ویمنز ٹیم کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں کی یہ کامیابی قومی ہاکی کے روشن مستقبل کی علامت ہے اور دونوں ٹیموں کے لیے اگلے مراحل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








