بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کے لئے تعارفی نشست کا انعقاد کیا گیا ،جس میں طلبہ کو جامعہ کے تعلیمی ماحول، انتظامی امور، ضوابط، طلبہ معاونتی خدمات اور ہم نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا
اسلامی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کے لئے تعارفی نشست کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے داخل ہونے والے طلبہ کے لئے تعارفی نشست کا انعقاد کیا گیا ،جس میں طلبہ کو جامعہ کے تعلیمی ماحول، انتظامی امور، ضوابط، طلبہ معاونتی خدمات اور ہم نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام فیکلٹی بلاک ٹو کے آڈیٹوریم میں منعقدہ نشست میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے طلبہ مشیر ڈاکٹر غفران احمد نے طلبہ کو جامعہ کے تعلیمی و انتظامی نظام اور پالیسیوں سے آگاہ کیا اور تعلیمی ذمہ داریوں، نظم و ضبط، کیمپس رویوں اور طلبہ کی فلاح و بہبود سے متعلق قواعد کی وضاحت کی۔ فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین ڈاکٹر محمد عامر نے فیکلٹی کے تعلیمی و انتظامی ڈھانچے، حاضری، تعلیمی نظم و ضبط اور اساتذہ سے مؤثر رابطے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے سابق نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ واضح اہداف مقرر کریں، جدت، تنقیدی سوچ، قیادت اور مسلسل سیکھنے کی صلاحیتیں پیدا کریں اور بدلتے ہوئے پیشہ وارانہ تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کریں۔ تعارفی پروگرام کے دوران نئے طلبہ نے جامعہ کے سرگرمی مرکز اور ان ڈور کھیلوں کی سہولیات کا دورہ بھی کیا۔ نشست میں طلبہ کی شخصیت سازی، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور پائیدار قومی ترقی کے لئے ان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔








