طلبہ و طالبات کے لیے نئے سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور Gen-Z کائونٹرز قائم

طلبہ و طالبات کے لیے نئے سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور Gen-Z کائونٹرز قائم

لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت طلبہ و طالبات،خصوصا خواتین کو با اختیار اور خود مختار بنانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز اور Gen-Z کائونٹرز قائم کر دیئے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر تمام لائسنسنگ سینٹرز میںGen-Z سکوٹی کائونٹرز قائم کیے گئے ہیں،جبکہ طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے پانچ سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس کےمطابق آبشار ڈرائیونگ سکول،لبرٹی خدمت مرکز، گریٹر اقبال پارک، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر سکوٹی سکول قائم کئے گئے ہیں۔ایل او ایس فیروزپور روڈ پر صرف خواتین کو مفت سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سکوٹی سکولز میں خواتین کو وویمن ٹو وویمن سروس فراہم کی جا رہی ہے،جبکہ لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز سے ہزاروں خواتین با اعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں خواتین کے لیے سکوٹی ٹریننگ کے پانچ جبکہ گاڑی چلانے کی تربیت کے لیے12 ڈرائیونگ سکولز قائم کیے گئے ہیں۔لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے اب تک ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد موٹرسائیکل لائسنس جبکہ6 ہزار 546 جووینائل پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دیکر انہیں خود مختار اور با اختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔خواتین با اختیار ہوں گی تو معاشرے میں واضح تبدیلی آئے گی،جبکہ معاشرتی اور سماجی ترقی کے لیے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔