کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور بہتر گورننس کے لئے حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے،سیدال خان ناصر

کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور بہتر گورننس کے لئے حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے،سیدال خان ناصر

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ، کشمیر ویمن کمیشن کی رکن ریحانہ خان، معروف فٹ بالر مبشر سنجرانی اور بلوچستان اسمبلی کے رکن میر عاصم کرد گلو سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ملاقاتوں کے دوران مختلف شعبوں سے متعلق امور، عوامی مسائل، مقامی سطح پر گورننس کی بہتری، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور ملک کو درپیش مختلف چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، معاشی استحکام، گورننس کی بہتری اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، حکومت کی ترجیح ہے کہ عوام اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مسائل کا قابلِ عمل اور پائیدار حل تلاش کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی گورننس اور مؤثر انتظامی نظام کے لئے مضبوط اور فعال مقامی حکومتوں کا نظام ناگزیر ہے، مقامی حکومتیں عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ عوام کے بنیادی اور روزمرہ نوعیت کے مسائل کا براہِ راست تعلق مقامی سطح سے ہوتا ہے، سڑکوں، صفائی، پانی، نکاسی آب، بنیادی سہولیات اور دیگر شہری مسائل کو مقامی نمائندوں کی مؤثر شمولیت سے زیادہ بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ لوکل باڈیز انتخابات جمہوری نظام کو نچلی سطح تک مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہیں، ان انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے علاقوں کی قیادت اور نمائندگی کے لئے براہِ راست اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملتا ہےجس سے نہ صرف جمہوری عمل مستحکم ہوتا ہے بلکہ مقامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کا عمل بھی تیز اور مؤثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید مؤثر، فعال اور بااختیار بنانے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے اور لوکل باڈیز انتخابات کے انعقاد اور اس نظام پر مؤثر عملدرآمد کے لئے بھی عملی پیشرفت کی جا رہی ہے، مقامی نمائندوں کی شمولیت سے علاقائی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی مسائل کے بروقت حل میں مدد ملے گی۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ عوام کی مشاورت اور مقامی سطح پر ان کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی، بہتر گورننس اور مؤثر عوامی خدمت کا تصور مکمل نہیں ہو سکتا، مقامی حکومتوں کو فعال بنانے سے فیصلہ سازی کا عمل عوام کے قریب آئے گا اور شہریوں کو اپنے مسائل کے حل میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گورننس کے معیار کو بہتر بنانے، ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافے، شفافیت اور عوامی خدمت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے، بہتر گورننس کا بنیادی مقصد عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی اور ریاستی اداروں کو عوام کی ضروریات کے مطابق زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل مشاورت، عوامی شمولیت اور مقامی نمائندگی کے ذریعے نہ صرف مسائل کی درست نشاندہی ممکن ہے بلکہ ان کے حل کے لئے مؤثر، قابلِ عمل اور دیرپا حکمتِ عملی بھی وضع کی جا سکتی ہے،مضبوط مقامی حکومتیں ملک میں جمہوری تسلسل، بہتر گورننس اور عوامی فلاح کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔