الحمرا اور پی آئی ٹی بی کے درمیان کیش لیس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے نفاذ کا معاہدہ طے پا گیا

لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان الحمرا میںPayZen کے ذریعے جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے نفاذ کے لیے معاہدہ طے پا گیا

لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان الحمرا میںPayZen کے ذریعے جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے نفاذ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ پروکیورمنٹ PITB عطا الرحمن نے دستخط کیے۔ یہ اقدام الحمرا کے مالیاتی اور ادائیگیوں کے نظام کو جدید، شفاف اور ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔معاہدے کے تحتPayZen کے ذریعے الحمرا میں ادائیگیاں موبائل و انٹرنیٹ بینکنگ،اے ٹی ایمز، بینک کائونٹرز اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے کی جا سکیں گی،جس سے صارفین کو سہولت کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت اور موثر نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔ مرکزی ڈیش بورڈ کے ذریعے ادائیگیوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔معاہدے میں Zenfinity کے نفاذ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو الحمرا کے بلنگ اور انوائسنگ نظام کو PayZen کے ساتھ مربوط کرے گا۔اس کے ذریعے ڈیجیٹل انوائسز کی تیاری، بلنگ انٹیگریشن اور ادائیگیوں کے ڈیٹا کی ریئل ٹائم ہم آہنگی ممکن ہوگی،جس سے مالیاتی امور میں مزید بہتری اور موثر کنٹرول حاصل ہوگا۔PayZen کا نفاذ الحمرا میں نقد ادائیگیوں پر انحصار کم کرنے، شفافیت و جوابدہی کو مضبوط بنانے، مالیاتی نظم و ضبط بہتر کرنے اور ادائیگیوں کے نظام میں بے ضابطگیوں کے امکانات کو کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ یہ اقدام الحمرا کے ادارہ جاتی نظام کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا محمد نواز گوندل نے کہ کہا کہ Payzen کا نفاذ الحمرا کو مزید شفاف، موثر اور ڈیجیٹل طور پر مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے،ہماری ترجیح نقد لین دین کو کم سے کم کرنا،مالیاتی جوابدہی کو مضبوط بنانا اور صارفین کو محفوظ اور آسان ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔معاہدے کے تحت PITB PayZen کی تنصیب، دیکھ بھال، تکنیکی معاونت، تربیت اور سکیورٹی سمیت ضروری سہولیات فراہم کرے گا،جبکہ الحمرا نظام کے موثر نفاذ کے لیے مطلوبہ انفراسٹرکچر اور معاونت فراہم کرے گا۔معاہدے کی تقریب میں ڈی ڈی (اے) سید عمیر حسن، ڈی ڈی (پی) پروگرام محمد وسیم اور آڈٹ اینڈ اکائونٹس آفیسر محمد محب شمسی و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔