خیبر پختونخوا حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے نفاذ، وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے وژن اور صوبائی وزیر آبنوشی فضل شکور خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے حوالے سے اہم پیش رفت حاصل کی ہے
محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا کی عوامی شکایات کے ازالے میں پیش رفت، موصول ہونے والی 1370 شکایات میں سے 1019 کا ازالہ کردیا گیا

مزید خبریں
پشاور۔ 11 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے نفاذ، وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے وژن اور صوبائی وزیر آبنوشی فضل شکور خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے حوالے سے اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق محکمہ کے شکایات سیل، وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل اور سٹیزن پورٹل کے ذریعے عوام کی جانب سے مجموعی طور پر 1370 شکایات درج اور موصول ہوئیں، جن میں سے 1019 شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 331 شکایات اس وقت زیرِ التوا ہیں، جن پر متعلقہ افسران اور حکام کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔ محکمہ حکام کے مطابق زیرِ التوا شکایات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جاسکے۔رپورٹ کے مطابق موصول ہونے والی شکایات میں سے 13 کیسز غیر متعلقہ جبکہ 7 کیسز نامکمل پائے گئے، جنہیں قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا گیا ہے۔علاقائی سطح پر شکایات کی تفصیلات کے مطابق محکمہ کے سنٹر ریجن میں 9 شکایات، ایسٹ ریجن میں 49 شکایات جبکہ نارتھ ریجن میں 16 شکایات درج ہوئیں۔ اسی طرح ساؤتھ ریجن میں سب سے زیادہ 1296 عوامی شکایات درج کی گئیں۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکام کے مطابق عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے شکایات کے اندراج، نگرانی اور فالو اَپ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر آبنوشی فضل شکور خان نے اس حوالے سے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی شکایت کو غیر ضروری طور پر زیرِ التوا نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت گڈ گورننس، شفافیت، جوابدہی اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عوامی شکایات کے ازالے کا مؤثر نظام حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیرِ التوا 331 شکایات کوجلدازجلد نمٹایا جائے۔








