گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری، بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش
گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری، بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش

مزید خبریں
کراچی۔ 11 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی اورمزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اوربابائے قوم کی عظیم خدمات اور قیامِ پاکستان کیلئے جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنا چین، سکون، آرام اور ذاتی مفاد بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی زندگی مملکتِ خداداد پاکستان کے قیام کے لیے وقف کردی۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے قوم کو اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور اصول پسندی کے رہنما اصول دیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو متحد، مضبوط اور دنیا کے لیے ایک مثال بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ایک خودمختار، باوقار اور جمہوری ملک کے لیے جدوجہد کی، ہمیں بھی اپنی عملی زندگی میں ان کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں تعصبات سے بالاتر ہوکر رواداری، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے، پاکستان کے آئینی اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم قائداعظم کے خواب کی تعبیر کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار ملک بنائیں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں اپنے رہنمائوں کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر صوبائی وزرا، مشیران، معاونینِ خصوصی اور ایڈیشنل آئی جی سندھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔








