گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی کھیل کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے پروقار تقریب کا انعقاد

گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی کھیل کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے پروقار تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر گراس روٹ لیول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی کھیل کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے باہمی تعاون سے منعقدہ تقریب میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 75 سکولوں کے انڈر 15 بوائز و گرلز کھلاڑیوں میں بین الاقوامی معیار کی ہاکی کٹس، اسٹکس، گیندیں اور دیگر ضروری کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔

تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے کی جبکہ پاکستان ہاکی کے لیجنڈز پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپین فلائنگ ہارس سمیع اللہ خان، پی ایچ ایف ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ہائی پرفارمنس اولمپین طاہر زمان، ممبر سلیکشن کمیٹی اولمپین ایم خالد، سابق قومی کھلاڑی رانا شفیق اور انٹرنیشنل خاور جاوید نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز اینڈ میونسپل سروسز) ڈاکٹر طارق عثمان، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ، سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر محمد جمیل بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق اسکولوں کو کھیلوں کی نرسری بنایا جا رہا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ بالخصوص گوجرہ ہاکی کا زرخیز گڑھ ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے نیا ٹیلنٹ سامنے لانے، مستقبل کے چیمپئنز اور نئے اولمپینز تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر موجود ہاکی لیجنڈز نے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کی جدید تکنیک سے آگاہ کیا اور محنت، نظم و ضبط اور لگن سے کھیل جاری رکھنے کی تلقین کی، نیز گوجرہ میں ہاکی کے شاندار ماضی کو زندہ کرنے کے اقدام کو سراہا۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بچوں کو کم عمری سے قومی کھیل کی طرف راغب کرنا ہے۔ پی ایچ ایف کے منصوبے کے تحت جنوری 2027 میں انڈر 15 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اگلے مراحل میں جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک اسکول ہاکی پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔ تقریب میں سکولوں کے پرنسپلز، پی ایچ ایف اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے نمائندگان، کوچز، کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی کھیل کی بحالی کے لئے پی ایچ ایف و انتظامیہ کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔

مزید خبریں