پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے
پی ڈی ایم اے، صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے الرٹ جاری

مزید خبریں
لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ12 سے17 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے،12 سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے،جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور،سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہائوالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد،حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کچے و بوسیدہ مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔ مون سون سیزن کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔








