میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں سولر سسٹم اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے
میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں سولر سسٹم اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا افتتاح

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں سولر سسٹم اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ افتتاح کمانڈنٹ اسکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کیا۔وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ سمیت متعلقہ افسران اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ایس ڈی او اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمد حنیف نے کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس اور ڈپٹی کمشنرکو دونوں منصوبوں کے حوالے سےبریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں ویٹنگ ہال کی تعمیر کے منصوبے پر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی، جس میں 20 کلوواٹ سولر سسٹم اور 6 ایئر کنڈیشنرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دوسرے منصوبے کے تحت پارکنگ شیڈ اور ٹف ٹائلز کی تنصیب کی جائے گی، جس پر 1 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ پارکنگ شیڈ میں تقریباً 50 گاڑیوں کی گنجائش ہوگی۔ ایس ڈی او نے بتایا کہ دونوں منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے اور ان کی تکمیل سے میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کو سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ انتظار اور پارکنگ کے حوالے سے بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان اور ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی معیار اور کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔








