آرمینیا کے لیےپاکستان کے پہلے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں
آرمینیا کے لیےپاکستان کے پہلے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں

مزید خبریں
یریوان۔12ستمبر (اے پی پی):آرمینیا کے لیے پاکستان کےپہلے سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر واہگن خاچاطوریان کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔ ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق آرمینیا کے لئے پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے صدارتی محل میں منعقدہ ایک باضابطہ تقریب کے دوران یہ اسناد پیش کیں۔ صدر واہگن خاچاطوریان نے سفیر شفقت علی خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور ان کی کامیاب مدتِ سفارت اور سفارتی ذمہ داریوں کو موثر انداز میں انجام دینے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر نے آرمینیا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی کوششوں میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔سفیر شفقت علی خان نے صدر واہگن خاچاطوریان کو صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں اور آرمینیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں جانب سے تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کے دیگر شعبوں میں دوطرفہ روابط کو وسعت دینے کے نمایاں امکانات پر زور دیا گیا۔
سفیر کی جانب سے اسنادِ سفارت پیش کیا جانا پاکستان اور آرمینیا کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 2025 میں قائم ہوئے تھے اور یہ جمہوریہ آرمینیا کے لیے پاکستان کی پہلی سفیر کی سطح کی تقرری ہے۔اس سے قبل سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تجارت ارارات مرزویان سے بھی ملاقات کی۔ وزیر نے سفیر کا خیرمقدم کیا، ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا، تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی و عالمی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے نائب وزیر خارجہ مناتساکان سفاریان سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنی اسنادِ سفارت کی ایک نقل پیش کی۔
نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات کا قیام دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے ایک اہم پالیسی فیصلہ تھا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر شفقت علی خان کی ملاقاتوں اور دیگر سفارتی سرگرمیوں نے پاکستان اور آرمینیا کے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کی توثیق کی اور باہمی مفاد کے وسیع شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کی نشاندہی کا موقع فراہم کیا۔سفیر شفقت علی خان بیک وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور آرمینیا کے لیے غیر مقیم سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔







