ضلع بہاولنگر کے مختلف مقامات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں کرتے ہوئے 6 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو اصلاح تک بند کردیا
بہاولنگر ضلع میں واٹر فلٹر پلانٹس کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن 6 پلانٹس سیل

مزید خبریں
بہاولنگر ۔ 13ستمبر (اے پی پی):ضلع بہاولنگر کے مختلف مقامات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں کرتے ہوئے 6 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو اصلاح تک بند کردیا، لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران پانی میں مضر صحت بیکٹیریا کی موجودگی پائی گئی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر بہاولنگر میں پانی کے معیار کو جانچنے کیلئے گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے آر او اور واٹر فلٹریشن پلانٹس سے پانی کے 55 نمونے حاصل کیے. لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران 13 نمونے پاس جبکہ 6 میں مضر صحت بیکٹیریا پایا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے معیار پر پورا نہ اترنے والے پلانٹس کو فوری بند کر دیا گیا۔ کارروائیاں غلہ منڈی، قریش کالونی، ہیڈ سلیمانکی روڈ، واہلہ ٹاؤن اور مسلم کالونی میں کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غیر معیاری پانی کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے بلاتفریق کارروائیاں جاری رہیں گی






