وزیراعظم کا خصوصی پٹرول ریلیف پیکیج، موٹر سائیکل ، رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے فی لیٹر 100 روپے رعایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے عوام پر پڑنے والے اثرات کم کرنے کیلئے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان کردیا، جس کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی استعمال کرنے والوں کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے عوام پر پڑنے والے اثرات کم کرنے کیلئے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان کردیا، جس کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی استعمال کرنے والوں کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اسلام آباد کی حدود میں اسکا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب جبکہ پورے پاکستان بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اسکا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی سکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ خصوصی ریلیف سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پٹرول کیلئے فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں ریلیف سکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا جبکہ ملک بھر، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی ریلیف سکیم کیلئے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی اور سکیم کی تیاری میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں