راولپنڈی میں بارش، تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ

راولپنڈی میں بارش کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

راولپنڈی۔ 15 ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں بارش کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری مکمل طور پر فعال اور تعینات رکھی جائے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جا سکے۔ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد سمیت نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں رہ کر نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کریں اور شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہونے دیں۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور اس وقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 2 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 14 ملی میٹر، گولڑہ میں 35 ملی میٹر، بوکرہ میں 39 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 12 ملی میٹر، شمس آباد میں 32 ملی میٹر، کچہری میں 16 ملی میٹر، پیرودھائی میں 22 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ اور واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔