جرمنی اور امریکا کا دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس اور امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نےاسلحہ سازی کے منصوبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کر دیئے۔

برلن ۔16ستمبر (اے پی پی):جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس اور امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نےاسلحہ سازی کے منصوبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کر دیئے۔

اماراتی نیوز ایجنسی وا م کے مطابق جرمن وزارت دفاع نے کہا ہے کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے لیے مضبوط، باہم مربوط اور باہمی طور پر مفید بین البراعظمی دفاعی صنعتی بنیاد ضروری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی مضبوط دفاعی صنعتیں مستقبل میں جدید ہتھیاروں کے نظام، پیچیدہ پرزہ جات اور گولہ بارود کی تیاری میں ایک دوسرے کی زیادہ قریبی انداز میں معاونت کر سکتی ہیں اور کرنی چاہیے۔

اعلان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے اقدامات کے لیے سیاسی فریم ورک تشکیل دیا گیا ہے، جس میں دفاعی سازوسامان کی تیاری، لائسنس کے تحت پیداوار اور دیکھ بھال شامل ہے۔ اس کا مقصد سپلائی چینز کو مضبوط بنانا، ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق ضوابط کو آسان بنانا اور تحقیق و ترقی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانا ہے۔پیٹ ہیگسیتھ سے ملاقات سے قبل بورس پسٹوریئس نے ایف-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں سے متعلق موجودہ دوطرفہ تعاون اور جرمنی میں پیٹریاٹ فضائی دفاعی گائیڈڈ میزائلوں کی مجوزہ تیاری کی جانب بھی اشارہ کیا۔