امریکا نے پاکستان کو سمگل شدہ 36 نوادرات واپس کر دیئے

پاکستان سے چوری کرکے امریکا سمگل کیے گئے 36 نوادرات پاکستان حکومت کے حوالے کر دیئےگئے، جنہیں اب پاکستان واپس لایا جائے گا۔

نیو یارک۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان سے چوری کرکے امریکا سمگل کیے گئے 36 نوادرات پاکستان حکومت کے حوالے کر دیئےگئے، جنہیں اب پاکستان واپس لایا جائے گا۔

نوادرات کی حوالگی کے سلسلے میں نیویارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں حوالگی کا عمل مکمل کیا گیا۔ نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل امیر احمد آتوزئی نے اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت 36 نوادرات پاکستان کو واپس کیے گئے، جن میں چوتھی صدی عیسوی کا گرے شِسٹ سے بنا یاکشی دیوی کا مجسمہ اور 2700 سے 3000 قبل مسیح کے دور سے تعلق رکھنے والے مٹی کے 35 مجسمے شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قونصل جنرل نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے اینٹیکوئٹیز ٹریفکنگ یونٹ (Antiquities Trafficking Unit ) کی مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ پوری انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوادرات کی قانونی بازیابی اور واپسی سے پاکستان اور دنیا بھر میں آنے والی نسلوں کو انسانی تہذیب کی ان غیر معمولی یادگاروں کا مطالعہ کرنے، انہیں سراہنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔