کمبوڈیا کا کیسینوزمیں آن لائن جوئے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان
کمبوڈیا کا کیسینوزمیں آن لائن جوئے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان

مزید خبریں
نوم پنہ۔16ستمبر (اے پی پی):کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانٹ نے ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے فراڈ کی روک تھام کے لئے ملک میں قائم تمام کیسینوز میں آن لائن جوئے کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ،جس کا نفاذ رواں سال اکتوبر سے ہو گا۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے بدھ کو دارالحکومت نوم پنہ میں لوانگ مے (کوئین مدر ) ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے فراڈ کے خلاف کارروائی کے لیے ملک میں قائم تمام کیسینوز میں آن لائن جوئے کی سرگرمیاں اکتوبر سے معطل کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پابندی کا مقصد ٹیکنالوجی سے متعلق فراڈ اور غیر قانونی مالیاتی منتقلیوں کو روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن جوئے کی سرگرمیوں کی موثر ریگولیشن مشکل ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اکتوبر کے آغاز سے آن لائن جوئے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی جبکہ ہم آن لائن فراڈ کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے تاکہ یہ دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کمبوڈیا میں موجود 100 سے زائد کیسینوز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ لائسنس جاری کرنے کے تقاضوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ کیسینوز کی مجموعی تعداد کم کی جا سکے۔ کمبوڈیا روایتی طور پر غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے کیسینوز کے لائسنس جاری کرتا ہے جبکہ ملکی قوانین کے تحت کمبوڈیا کے شہریوں کے لیے جوئے کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ممنوع ہے۔ دارالحکومت نوم پنہ میں واقع ناگا ورلڈ ریزارٹ کے علاوہ ملک کے تقریباً تمام کیسینوز بین الاقوامی سرحدوں کے قریب یا ساحلی صوبے پریہ سیہانوک میں قائم ہیں۔








