پاکستانی نوجوانوں کے لیے روسی سکالرشپس میں مزید اضافہ کریں گے، سفیر البرٹ پی خروف
پاکستانی نوجوانوں کے لیے روسی سکالرشپس میں مزید اضافہ کریں گے، سفیر البرٹ پی خروف

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خروف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعاون دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان کا کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
روسی سفیر نے کہا کہ روسی زبان سیکھنے والے پاکستانی نوجوانوں کے لیے روس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق، تربیت اور روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستانی طلبہ کے لیے روسی سکالرشپس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اوپن یونیورسٹی کی جانب سے روسی زبان کے فروغ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ زبانوں کا فروغ دونوں ممالک کے عوام، تعلیمی اداروں اور ثقافتوں کو قریب لانے کا موثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی زبان پر عبور پاکستانی نوجوانوں کو روس کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔وائس چانسلرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود(تمغہ امتیاز)نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی روسی زبان و ثقافت کے فروغ کے ذریعے پاک روس دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے روسی زبان کا کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی سفیر بن کر روابط کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اپنے طلبہ کو عالمی زبانیں سیکھنے کے مواقع فراہم کرکے انہیں بین الاقوامی سطح پر تعلیم، تحقیق اور روزگار کے نئے مواقع سے جوڑ رہی ہے۔ روسی زبان کے علاوہ ترکیہ اور جاپانی زبانوں کے کورسز بھی اسی وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد نوجوانوں کو صرف ڈگریوں تک محدود رکھنا نہیں بلکہ انہیں عالمی تعلیمی اور پیشہ ورانہ تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔رجسٹرار راجہ عمر یونس نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قائم رشئین لینگوئج سینٹر کے تین ماہ دورانیے کے کورس کا نواں اور دسواں بیچ اختتام پزیر ہو گیا ہے جبکہ گیارہویں اور بارہویں بیچ کی کلاسز بھی جلد شروع ہوں گی۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی روسی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون اور روسی زبان، ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال رشئین لینگوئج سینٹر کے متعدد گریجویٹس نے روسی سکالرشپس حاصل کیں جبکہ یونیورسٹی پاکستانی طلبہ کے لیے روس میں اعلیٰ تعلیم اور سکالرشپس کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔تقریب کے اختتام پر روسی زبان کا کورس مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔








