بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی کوئٹہ میں کارروائیاں، دو کلینکس سیل، متعدد کو نوٹس

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں طبی مراکز کے معائنے اور فالو اپ کارروائیاں کرتے ہوئے ضابطہ کار کی خلاف ورزیوں پر نوٹسز، جرمانے اور کلینکس کی بندش سمیت مختلف اقدامات کئے۔فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ میں نصرت ریاض ہسپتال کا فالو اپ دورہ کیا، جس کا مقصد پہلے سے نشاندہی کی …

کوئٹہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں طبی مراکز کے معائنے اور فالو اپ کارروائیاں کرتے ہوئے ضابطہ کار کی خلاف ورزیوں پر نوٹسز، جرمانے اور کلینکس کی بندش سمیت مختلف اقدامات کئے۔فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ میں نصرت ریاض ہسپتال کا فالو اپ دورہ کیا، جس کا مقصد پہلے سے نشاندہی کی گئی خامیوں کا جائزہ اور ہسپتال کے عارضی لائسنس سے متعلق ضابطہ کار پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔

ٹیم نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے خامیوں کے تدارک کیلئے کئے گئے اقدامات اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ہسپتال اور فارمیسی میں مستند کلینیکل فارماسسٹ کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا جبکہ متعلقہ ضوابط پر عملدرآمد سے متعلق تحریری بیان بھی طلب کیا گیا۔دوسری جانب بی ایچ سی سی کی ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ، چشمہ اچوزئی کوئٹہ میں نفاذی کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 طبی مراکز کا معائنہ کیا، جن میں 4 جنرل پریکٹیشنر کلینکس اور 3 ڈینٹل کلینکس شامل تھے۔کارروائی کے دوران دو جنرل پریکٹیشنر کلینکس نے پہلے سے عائد جرمانے جمع کرائے، تین جنرل پریکٹیشنرز کو حتمی نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ مسلسل عدم تعمیل پر دو جنرل پریکٹیشنر کلینکس کو بند کردیا گیا۔

بی ایچ سی سی کے مطابق یہ کارروائی عائد کردہ جرمانوں کی عدم ادائیگی اور بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر مسلسل عملدرآمد نہ کرنے کے باعث کی گئی۔علاوہ ازیں سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ میں ڈاکٹر زویا ہسپتال کا فالو اپ جائزہ بھی لیا گیا، جہاں پہلے سے نشاندہی کی گئی خامیوں اور عارضی لائسنس کے حصول کیلئے مطلوبہ شرائط پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ہسپتال انتظامیہ کو ایمرجنسی اخراج اور انخلا کا واضح اور قابل رسائی منصوبہ تیار کرکے ہسپتال میں نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا۔

ضابطہ کار کی خلاف ورزی اور مناسب تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی کے باعث ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو سیل کرکے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔کمیشن کی جانب سے ہسپتال کے مالک اور پیتھالوجسٹ کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے کمیشن کے سامنے پیش ہونے اور متعلقہ ضابطہ کار پر عملدرآمد سے متعلق تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں طبی سہولیات کی نگرانی، مریضوں کے تحفظ، معیاری طبی خدمات، کلینیکل گورننس اور متعلقہ قوانین و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

مزید خبریں