پولیو کے خلاف جنگ مشترکہ قومی ذمہ داری ہے،ایڈیشنل کمشنر لورالائی ڈویڑن اعجاز احمد

ڈسٹرکٹ ٹیکنیکل فورم (DTF) کا اہم اجلاس ایڈیشنل کمشنر لورالائی ڈویڑن اعجاز احمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ٹیکنیکل فورم (DTF) کا اہم اجلاس ایڈیشنل کمشنر لورالائی ڈویڑن اعجاز احمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں لورالائی سمیت ڈویڑن کے مختلف اضلاع میں انسدادِ پولیو سرگرمیوں، ویکسینیشن مہم کی پیش رفت اور بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرلورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لورالائی ڈاکٹر مقبول احمد، ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس پی او ڈاکٹر ذَرک خان، یونیسیف کے سی سی او محمد ہاشم، ا ین ا یس او وزیر خان اور پی پی ایچ آئی کے اے ڈی ایس ایم محیب اللہ نے بالمشافہ شرکت کی جبکہ دْکی، زیارت اور موسیٰ خیل کے متعلقہ حکام نے بذریعہ زوم لنک اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے انسدادِ پولیو مہم کی مجموعی صورتحال، پولیو ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے، رہ جانے والے بچوں کی کوریج، مائیکرو پلاننگ، فیلڈ مانیٹرنگ اور مختلف علاقوں میں درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پانچ سال تک کی عمر کے کسی بھی بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اجلاس میں پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں موجودگی، گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلانے کے عمل، مسنگ چلڈرن کی دوبارہ کوریج اور حساس علاقوں میں خصوصی توجہ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

مزید خبریں