اسلامی یونیورسٹی کے آئی آر آئی کی ازسرنو تشکیل شدہ کونسل کا 13واں اجلاس

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اسلامی تحقیقی ادارے (آئی آر آئی) کی ازسرنو تشکیل شدہ کونسل کا 13واں اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے مستقبل کے تحقیقی، علمی اور انتظامی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسلامی تحقیقی ادارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر اور آئی آر آئی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔ اجلاس میں کونسل …

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اسلامی تحقیقی ادارے (آئی آر آئی) کی ازسرنو تشکیل شدہ کونسل کا 13واں اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے مستقبل کے تحقیقی، علمی اور انتظامی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسلامی تحقیقی ادارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر اور آئی آر آئی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کی۔ اجلاس میں کونسل کے نئے اراکین کو ادارے کی تازہ تشکیل اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔

افتتاحی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اعلیٰ معیار کی علمی تحقیق، بین الشعبہ جاتی مطالعات اور تعلیمی معیار کے فروغ میں اسلامی تحقیقی ادارے کے کردار پر زور دیا۔ اس موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم نے آئی آر آئی کی جاری علمی و تحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل کے اقدامات کا مجوزہ خاکہ پیش کیا۔ مجوزہ منصوبے میں تحقیقی ترجیحات اور معیارات، استعداد کار میں اضافہ، تحقیقی طریقہ کار اور اخلاقیات کی تربیت، عوامی رابطہ پروگرام، کتب خانے کے وسائل میں بہتری، انتظامی کارکردگی، ڈیجیٹل وسائل اور ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، علمی تعاون اور مالی استحکام سمیت مختلف امور شامل تھے۔

کونسل کے اراکین نے مجوزہ ادارہ جاتی منصوبے پر تفصیلی غور کیا اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت اسلام آباد کے قائم مقام چیف جسٹس/جج جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور، آئی آر آئی کونسل کے نائب چیئرمین و بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر تحقیق و کاروباری امور پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، شعبہ شریعہ کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر علی خدران ایم العمری اور کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر حافظ آفتاب احمد نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے آن لائن شرکت کی۔

کونسل نے متفقہ طور پر اراکین کی سفارشات کو ادارے کے مستقبل کے منصوبہ بندی کے خاکے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اراکین کی فعال شرکت اور قیمتی تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نظرثانی شدہ فریم ورک حتمی منظوری کے لئے یونیورسٹی کے اعلیٰ قانونی و انتظامی فورمز کے سامنے پیش کیا جائے گا۔