ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل جمعرات کو تھائی لینڈ سے ہوگا۔ ایونٹ کے چاروں کوارٹر فائنل میچز آئچی پرفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔پاکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں حال ہی میں اے سی سی ویمنز ایشیا کپ میں بھی مدمقابل آئی …
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جمعرات کوتھائی لینڈ سے ہوگا

مزید خبریں
لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل جمعرات کو تھائی لینڈ سے ہوگا۔ ایونٹ کے چاروں کوارٹر فائنل میچز آئچی پرفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔پاکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں حال ہی میں اے سی سی ویمنز ایشیا کپ میں بھی مدمقابل آئی تھیں، جہاں پاکستان نےتھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی تھی۔
فاطمہ ثنا کی قیادت میں پاکستان کی 14 رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم اے سی سی ویمنز ایشیا کپ میں شرکت کے بعد متحدہ عرب امارات سے براہ راست جاپان پہنچی ہے۔ فاطمہ ثنا 19 ستمبر کو ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں سکوائش کھلاڑی نور زمان کے ہمراہ پاکستان کے پرچم بردار کی حیثیت سے قومی دستے کی نمائندگی کریں گی۔ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں پاکستان، بنگلہ دیش، چین، بھارت، تھائی لینڈ، سری لنکا، جاپان اور ملائیشیا شریک ہیں۔ سیمی فائنلز 20 ستمبر جبکہ کانسی اور طلائی تمغے کے میچز 22 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔پاکستان نے 2010 میں گوانگ ژو اور 2014 میں انچیون ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ کا طلائی تمغہ جیتا تھا۔پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت پر ٹیم پرجوش ہے اور پاکستان کے دستے کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز ہے۔
تمام میچز اہم ہیں، اس لیے تھائی لینڈ کے خلاف پہلے ہی میچ سے پوری توجہ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ ٹیم تمغہ جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی اور جاپان میں کرکٹ کھیلنا ایک شاندار تجربہ ہوگا۔ ا نہوں نے کہا کہ ٹیم اس دورے کو اپنے لیے اور پاکستان ویمنز ٹیم کو سپورٹ کرنے والے شائقین کے لیے یادگار بنانے کی کوشش کرے گی۔ایشین گیمز کے لیے پاکستان کی 14 رکنی ٹیم میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان ناصر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، حمنہ بلال، مومنہ ریاضت، نشرا سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبی حسن اور امِ ہانی شامل ہیں۔پاکستان ویمنز ٹیم ایشین گیمز میں اپنا کوارٹر فائنل کل 17 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 20 ستمبر کو سیمی فائنلز اور 22 ستمبر کو کانسی اور طلائی تمغے کے میچز ہوں گے۔







