گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ کی رہائش گاہ پر صحافیوں اور مختلف میڈیا اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا میں امن و امان، صوبے کو درپیش مسائل اور موجودہ سیاسی سرگرمیوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کوپہلے ہی دہشت گردی اور بدامنی کے چیلنجز کا سامنا ہے، صوبے کو مزید سیاسی محاذ آرائی کی بجائے استحکام، ترقی اور امن کی ضرورت ہے ،گورنر فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لاہور میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ کی رہائش گاہ پر صحافیوں اور مختلف میڈیا اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا میں امن و امان، صوبے کو درپیش مسائل اور موجودہ سیاسی سرگرمیوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام صوبائی حکومت، وفاق اور تمام سیاسی قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت قیام امن میں ناکام ہوگئی ہے ،شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سیاسی کشیدگی نہیں بلکہ امن، روزگار، ترقی اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے، صوبے کے مسائل کے حل کے لئے سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مرکز اور خیبرپختونخوا کے درمیان بہتر رابطہ اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، صوبے کے آئینی و مالی حقوق کے حصول کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ملاقاتوں میں بھی وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی، امن و امان اور عوامی مسائل کے حل پر زور دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مجوزہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کا آئینی و جمہوری حق حاصل ہے تاہم احتجاج کے دوران قانون کی پاسداری، عوام کے معمولات زندگی اور امن و امان کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات، پارلیمانی فورمز اور جمہوری طریقہ کار کے ذریعے نکالا جانا چاہئے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی دہشت گردی اور بدامنی کے سنگین چیلنجز سے گزر رہا ہے، ایسے حالات میں صوبے کو مزید سیاسی محاذ آرائی اور انتشار کی بجائے استحکام، ترقی اور امن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے سینئر صحافیوں کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا عوامی مسائل کو اجاگر کرنے، سیاسی مکالمے کو فروغ دینے اور معاشرے میں برداشت و ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے اور صوبے کے حقوق کے لئے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔








