ویمن یونیورسٹی میں انسداد پولیو آگاہی بارے تربیتی سیشن کا انعقاد

خواتین یونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام انسداد پولیو آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول تھیں

ملتان۔ 16 ستمبر (اے پی پی):خواتین یونیورسٹی ملتان کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام انسداد پولیو آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول تھیں۔ سیشن میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب سید شہباز حسین نقوی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ جنوبی پنجاب ڈاکٹر صوبان ضیاء، عالمی ادارہ صحت کے ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر یاسر نواز، محکمہ صحت کے افسران، یونیورسٹی اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا صرف صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ اہم قومی ذمہ داری ہے۔ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کی جانب قابل ذکر پیش رفت کی ہے تاہم آخری کیس کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کیس بھی موجود ہو تو خطرہ برقرار رہتا ہے، اس لیے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ والدین، خاندان، تعلیمی اداروں، محکمہ صحت اور معاشرے کے ہر فرد کو انسداد پولیو مہم میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ویکسین سے متعلق غلط معلومات اور بے بنیاد خدشات کا تدارک مستند ذرائع سے آگاہی کے ذریعے کیا جائے۔سیشن سے سید شہباز حسین نقوی، ڈاکٹر سید علی مہدی، ڈاکٹر صوبان ضیاء اور ڈاکٹر یاسر نواز نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مسلسل ویکسینیشن، مؤثر نگرانی اور والدین کے تعاون کو پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں اساتذہ، طالبات اور محکمہ صحت کے نمائندگان نے شرکت کی۔