دریائے سوات اور اس کی ذیلی ندیوں میں عوام اور سیاحوں کے نہانے، پکنک منانے اور غیر قانونی بوٹنگ پر فوری طور پر مکمل پابندی

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوات سہیل احمد خان نے دریائے سوات اور اس کی ذیلی ندیوں میں عوام اور سیاحوں کے نہانے، پکنک منانے اور غیر قانونی بوٹنگ پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔اس حوالے سے ضلع بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے

پشاور۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوات سہیل احمد خان نے دریائے سوات اور اس کی ذیلی ندیوں میں عوام اور سیاحوں کے نہانے، پکنک منانے اور غیر قانونی بوٹنگ پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔اس حوالے سے ضلع بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق پابندی کا فیصلہ دریائے سوات میں ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ممکنہ جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دریاؤں اور ذیلی ندیوں میں غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کا مقصد انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دریا کے پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھنا بھی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے اور آئندہ 30 دن یعنی ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پاکستان پینل کوڈ (PPC) سمیت دیگر مروجہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔