پاکستان اور چین کی سرحدی فورسز کی منتکہ پاس پر دنیا کی بلند ترین مشترکہ گشت کی مشق

پاکستان اور چین کی سرحدی فورسز نے سطح سمندر سے تقریباً 4,700 میٹر کی بلندی پر واقع منتکہ پاس پر دنیا کی بلند ترین مشترکہ گشت کی مشق کا انعقاد کیا

گلگت۔ 16 ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور چین کی سرحدی فورسز نے سطح سمندر سے تقریباً 4,700 میٹر کی بلندی پر واقع منتکہ پاس پر دنیا کی بلند ترین مشترکہ گشت کی مشق کا انعقاد کیا۔گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ مشترکہ گشت کی مشق 15 ستمبر 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے منتکہ پاس پر منعقد ہوئی۔ خنجراب سکیورٹی پولیس (کے ایس پی) نے مقررہ مقامِ ملاقات تک پہنچنے کے لیے دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقے میں دو روز کا سفر طے کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مشترکہ مشق پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی سرحدی فورسز نے باہمی تعاون، رابطہ کاری اور ایک دوسرے کی معاونت کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بلند ترین اور دشوار گزار علاقے میں منعقد ہونے والی یہ مشق دونوں جانب کی سرحدی فورسز کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت ہے۔