سنگاپور میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے 101 جنگلی جانور برآمد کر لیے گئے، جن میں سے 13 مردہ پائے گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک تھی۔
سنگاپور میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے 101 جنگلی جانور برآمد، 13 مردہ پائے گئے

مزید خبریں
سنگاپور۔17ستمبر (اے پی پی):سنگاپور میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے 101 جنگلی جانور برآمد کر لیے گئے، جن میں سے 13 مردہ پائے گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک تھی۔
شنہوا کےمطابق نیشنل پارکس بورڈ (این پارکس) نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران 6 افراد سے غیر قانونی طور پر جنگلی حیات کی خرید و فروخت اور قبضے کے شبہ میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ حالیہ برسوں میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے جنگلی جانوروں کی بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔حکام نے پیر کو رہائشی مقامات پر چھاپوں کے دوران چھپکلیوں، نیوٹس، اژدہوں، ٹیرنٹولا مکڑیوں اور کچھوؤں سمیت مختلف جانور برآمد کیے۔ یہ تمام غیر مقامی اقسام سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں سنگاپور میں قانونی طور پر فروخت، فروخت کے لیے پیش یا پالتو جانور کے طور پر رکھنا ممنوع ہے۔
ان میں سے بعض اقسام جنگلی حیوانات اور نباتات کی خطرے سے دوچار انواع کی بین الاقوامی تجارت کے کنونشن کے تحت بھی محفوظ ہیں۔این پارکس کے مطابق زندہ بچ جانے والے متعدد جانور خراب صحت میں پائے گئے۔ ایک لیپرڈ گیکو کی آنکھ پھٹی ہوئی اور متاثرہ تھی جبکہ وہ اپنی جلد بھی مکمل طور پر نہیں اتار پا رہا تھا۔ حکام کے مطابق یہ صورتحال طویل عرصے تک نامناسب حالات میں قید رہنے کی واضح علامت ہے، جبکہ جانوروں کی فلاح و بہبود کے پیش نظر ایک لیپرڈ گیکو کو موت دے دی گئی۔
ادارے نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے 13 مردہ جانور ممکنہ طور پر ناکافی جگہ، ناقص ہوا کی آمدورفت اور خوراک و پانی کی کمی کے باعث ہلاک ہوئے۔باقی جانوروں کو نیشنل پارکس بورڈ کے سینٹر فار وائلڈ لائف ری ہیبلیٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔ نامعلوم ذرائع سے حاصل کیے گئے ان جانوروں میں متعدی بیماریوں کا امکان ہے، اس لیے انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔حکام بعد ازاں جائزہ لیں گے کہ آیا جانوروں کو ان کے آبائی علاقوں میں واپس بھیجا جا سکتا ہے یا چڑیا گھروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو دیا جا سکتا ہے۔ جانوروں کو موت دینے کا اقدام آخری حل کے طور پر اختیار کیا جائے گا۔








