وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کے دورے کیے اور پی ایم پٹرول ریلیف سکیم کے حوالے سے شہریوں کے تاثرات سنے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پٹرول پمپس کے دورے ، ریلیف سکیم بارے شہریوں کے تاثرات سنے

مزید خبریں
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کے دورے کیے اور پی ایم پٹرول ریلیف سکیم کے حوالے سے شہریوں کے تاثرات سنے۔
وفاقی وزیر نے مسلسل تیسرے روز پٹرول پمپس پر موجود شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور سکیم کے حوالے سے ان کے تاثرات اور مسائل سنے۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر عوام کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا میسج بالکل مفت کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ رجسٹریشن کا عمل بتائے گئے باقاعدہ طریقہ کار کے مطابق ہی مکمل کریں تاکہ کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں وزیراعظم پٹرول سکیم کامیابی سے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، یہ ٹارگٹڈ سبسڈی خاص طور پر مستحق اور کم آمدن طبقے کو سہولت دینے کے لیے وضع کی گئی ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رعایتی پٹرول کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے واضح کیا کہ رعایتی پٹرول کی فراہمی میں ٹال مٹول، رکاوٹ یا بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ سستا پیٹرول ملنے پر شہریوں نے ریلیف سکیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور موقع پر موجود وفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہا۔








