وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں انسدادِ انسانی سمگلنگ کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد ریکارڈ کمی واقع ہوئی
پاکستان سے یورپ غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی، عالمی اداروں کی جانب سے مؤثر اقدامات کا اعتراف

مزید خبریں
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں انسدادِ انسانی سمگلنگ کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد ریکارڈ کمی واقع ہوئی جبکہ انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (ICMPD)اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی ”فرنٹیکس”نے غیر قانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے پاکستان کے موثر اور بروقت فیصلوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب اور فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے یہاں الگ الگ ملاقاتیں کیں جس دوران غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور بارڈر مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی سی ایم پی ڈی کے وفد نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کی رسک اینالیسس رپورٹ کی خاص طور پر تعریف کی اور مکمل خاتمے کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن اشتراک جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی ایک انتہائی کٹھن ٹاسک تھا جسے پوری ٹیم نے دن رات محنت کر کے ممکن بنایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا اگلا ہدف غیر قانونی امیگریشن کا 100 فیصد خاتمہ ہے جسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے قانونی امیگریشن کی نئی راہیں کھولنا بھی ازحد ضروری ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے افسران کی جدید تربیت اور اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں کے 500 امیگریشن کاؤنٹرز پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جس کے ذریعے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے گا۔
ملاقاتوں کے دوران فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مقررہ اہداف کے حصول میں مکمل کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان اہم بیٹھکوں میں وزیر مملکت طلال چوہدری، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے سمیت فرنٹیکس وفد کے ارکان ایوا کاپونا، اسٹیفانو فیلا، جان وائیسٹل اور سینئر لائژن آفیسر ٹو پاکستان رالف شوئپفلن بھی موجود تھے۔








