پاکستان کرکٹ بورڈکے زیر اہتمام سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ پروگرام کے افتتاحی مرحلے میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں بیکن ہائوس اور ایچی سن کالج کی ٹیموں کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا گیا جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پی سی بی کے زیر اہتمام سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز

مزید خبریں
لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈکے زیر اہتمام سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ پروگرام کے افتتاحی مرحلے میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں بیکن ہائوس اور ایچی سن کالج کی ٹیموں کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا گیا جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔چیئرمین پی سی بی افتتاحی میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز سے گفتگو کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور کھیل میں بھرپور محنت، نظم و ضبط اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کہا کہ سکول کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لایا جاسکے۔چیئرمین پی سی بی کے مطابق رواں سال سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ملک کے100 اضلاع کے تقریبا 1,400 سکولوں کے21 ہزار کے قریب طلبہ حصہ لیں گے۔
پروگرام کے تحت رواں سال مجموعی طور پر2,895 میچز کھیلے جائیں گے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مسابقتی کرکٹ کا موقع فراہم کرنا اور نچلی سطح پر کھیل کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔ افتتاحی میچ کے موقع پر چیئرمین پی سی بی نے ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں بھرپور جذبے کے ساتھ کارکردگی دکھانے کی تلقین کی۔








