پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے روز مختلف میدانوں میں دلچسپ مقابلے جاری رہے

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے روز مختلف میدانوں میں دلچسپ مقابلے جاری رہے، رمیز عزیز اور محمد طحہ نے سنچریاں سکور کیں جبکہ کے آر ایل کے پیسر احمد بشیر نے ایم آئی ٹی سلیوشنز کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں غنی گلاس نے ایس این جی پی ایل کے خلاف پہلی اننگز میں 257 رنز کی برتری حاصل کی۔

راولپنڈی۔19ستمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے روز مختلف میدانوں میں دلچسپ مقابلے جاری رہے، رمیز عزیز اور محمد طحہ نے سنچریاں سکور کیں جبکہ کے آر ایل کے پیسر احمد بشیر نے ایم آئی ٹی سلیوشنز کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں غنی گلاس نے ایس این جی پی ایل کے خلاف پہلی اننگز میں 257 رنز کی برتری حاصل کی۔ جواب میں ایس این جی پی ایل نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لیے، سمیر منہاس 67 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔

شعیب اختر سٹیڈیم، راولپنڈی میں ایم آئی ٹی سلیوشنز نے سلمان خان جونیئر کی 182 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 660 رنز بنائے۔ کے آر ایل کے پیسر احمد بشیر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کے آر ایل نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا لیے۔ ایبٹ آباد سٹیڈیم میں سٹیٹ بینک نے 278 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر دن کا آغاز کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 433 رنز بنائے۔ رمیز عزیز اور نقیب اللہ نے 181 رنز کی شراکت قائم کی، رمیز عزیز نے 120 جبکہ نقیب اللہ نے 74 رنز بنائے۔ پی ٹی وی کی جانب سے عماد بٹ نے چار اور موسیٰ خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پی ٹی وی نے محمد طحہ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لیے۔ پشاور میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم کنگز مین اکیڈمی کے خلاف 298 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے پہلی اننگز میں 83 رنز کی برتری حاصل ہوئی، دانش عزیز اور روحیل نذیر کی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کنگز مین اکیڈمی کے محمد الیاس نے چار جبکہ سلمان علی آغا اور مہران ممتاز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کنگز مین اکیڈمی کے اوپنرز نے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 35 رنز بنا لیے۔ دوسرے روز دیگر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں رمیز جونیئر، شاہزہیب خان، سمامہ ریاض اور یاسر خان شامل ہیں جنہوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔