وزیر اعلی بلوچستان کاپنجگور اور چاغی میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔

کوئٹہ۔ 19 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔

پنجگور اور چاغی میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی مثر کارروائی اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوت اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری رہیں گی۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے اور قوم متحد ہیں اور دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے آپریشن ردالفتنہ 3 میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔