صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
تربت مند روڈ کی دیرینہ عوامی مانگ پوری کردی گئی، منصوبے پر معیاری کام جاری ہے، ظہور احمد بلیدی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بلوچستان حکومت صوبے بھر میں معیاری سڑکوں کے ذریعے رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میرظہور بلیدی نے کہاکہ کیچ کے عوام کا تربت مند روڈ کی تعمیر کا دیرینہ مطالبہ بالآخر پورا ہورہا ہے اور اہم منصوبے پر معیاری کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربت مند روڈ جنوبی بلوچستان میں رابطہ کاری اور ترقی کے لیے اہم منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے علاقے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور مختلف علاقوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے بھر میں معیاری سڑکوں کے ذریعے رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔








