ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ ، طبی سہولیات کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات

گوجرانوالہ ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سنٹر، ایمرجنسی، مختلف وارڈز، او پی ڈی اور ڈے کیئر سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کو دستیاب علاج معالجے، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کے بارے میں ہسپتال انتظامیہ سے بریفنگ بھی لی۔

انہوں نے ہسپتال کے مختلف حصوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے صاف ستھرا، محفوظ اور سازگار ماحول برقرار رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کے دوران پرچی کاؤنٹرز، انتظار گاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر شہریوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی سہولت کے لیے پرچی کاؤنٹرز پر بہتر انتظامات، مناسب رہنمائی اور انتظار گاہوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بروقت، معیاری اور باعزت طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علاج معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھتے ہوئے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کی مؤثر نگرانی، دستیاب وسائل کے بہترین استعمال اور طبی و انتظامی امور میں مزید بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں۔