محکمہ جنگلی حیات کاغیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف شدید کریک ڈائون جاری

محکمہ جنگلی حیات کا صوبہ بھرمیں جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے

لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات کا صوبہ بھرمیں جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبہ بھر سے جنگلی جانوروں وپرندوں کے غیر قانونی شکار ی اور ناجائز تجارت میں ملوث 66ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 90جنگلی پرندے بازیاب کئے جبکہ 46نیٹنگ گیئرز او رکثیر آلات شکار ضبط کرکے 29 ملزمان کو 9لاکھ 70ہزار جرمانہ، 12کیخلاف ایف آئی آر درج جبکہ بقیہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبہ کے طول وعرض میں بلا امتیاز جاری کریک ڈائون کے دوران وائلڈ لائف رینجر ز نے لاہور ،قصور ،سیالکوٹ ،نارووال ،ساہیوال ،خانیوال ،وہا ڑی ،ملتان ،رحیم یار خان ،مظفر گڑھ ،راجن پور ،خوشاب ،بھکر ،میانوالی ،چنیوٹ ،راولپنڈی اور اٹک میںکامیاب کارروائیاں کیں،اسدوران بازیاب کرائے جانیوالے جنگلی پرندوں میں 10کالے تیتر ، 36کبوتر، 15گھریلو چڑیاں ،2چکیاں ، 5باز ، 14فاختہ اور 8بٹیر شامل ہیں ،اِن کارروائیوں کے دوران غیر قانونی شکاریوں کے قبضہ سے تحویل میں لئے جانیوالے آلات شکارمیں 46بٹیر کے نیٹنگ گیئرز ،81دو گزے ،2ٹیوبز ،1کیمپ ، 5آئرن پولزاور 2سولرپلیٹیںشامل ہیں ۔ کارروائیوں کے دوران گرفتار کئے گئے 66 ملزمان میںسے 30ملزمان کو 9لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ کیا گیا،12کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی جبکہ 24ملزمان کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی۔ مزید برآں وائلڈ لائف رینجر ز راجن پور نے ایک دیہاتی علاقے سے گدھ بحفاظت ریسکیوکرکے اسکا علاج معالجہ کیا اور تندرست ہونے پر اسے دوبارہ اس کے قدرتی ماحول میں آزاد کردیا گیا۔