پی ایچ ایف کی جانب سے سکول کے بچوں میں ہاکی کٹس تقسیم
پی ایچ ایف کی جانب سے سکول کے بچوں میں ہاکی کٹس تقسیم

مزید خبریں
کراچی۔ 22 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف ) کی جانب سے کراچی کے مقامی سکول کے بچوں میں ہاکی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بچوں میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر کمشنر کراچی نے کہا کہ حکومت ہاکی کے وقار کو بحال کر نے کیلئے ہرممکنہ اقدامات کررہی ہے، اسکولوں کی سطح پر توجہ دینے اور بچوں کو ہاکی سیکھنے کے مواقع فراہم کر نا پی ایچ ایف کی اس ضمن میں بہترین اور صحیح سمت میں کوشش ہے امید ہے ان کوششوں کے ذریعے ماضی کی طرح بہترین کھلاڑی پیدا کیے جا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا گراس روٹ لیول پر بڑا اقدام ہے اس سے بچوں میں کھیل کا شو ق اجاگر ہو گا اور ہاکی کے فروغ کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے کہا کہ ہر ایک اسکول کی ٹیم کیلئے 8ہاکی کٹس فراہم کی گئیں مجموعی طور پر 74اسکولوں کو کٹس فراہم کی جارہی ہیں ،مجموعی طور پر ہاکی فیڈ ریشن 1600کٹس بچوں کو فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ان کوششوں سے مستقبل میں قومی ٹیم کیلئے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو ، پرنسپل این جے وی اسکول رخسانہ منگی، فلائنگ ہارس ہاکی ہیرو سمیع اللہ، وسیم فیروز، حسن سردار ، ناصر علی ، گلفراز خان ایاز محمود اور دیگر ملک کے نامور ہاکی کے کھلاڑی موجود تھے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی انتظامیہ اسکول کے بچوں کی تعلیمی اور جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ انسدادِ پولیو کیلئے بھر پور جدوجید کر رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ ویکسی نینشن مہم کے دوران ایک روز میں یہاں 50میں سے 47بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ بقایا تین بچوں کے والدین کی رضامندی سے انہیں بھی جلد ویکسینٹ کر دیا جائے گا۔وائی ایم سی اے گرائونڈ کی بحالی کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرائونڈ میں ہاکی کی سرگرمیوں کو جلد بحال کیا جائے گا،تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں نوجوانوں کی کھیل کی سر گرمیوں کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، مختلف کھیل کے میدان جو ویران تھے،انہیں بحال کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر پچز اور کورٹ بنا کر کھیلوں کا معیار بلند کیا جائے گا۔








