جاپان کے ناگویا کنجو فوٹو ایرینا میں 20ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 کے سکواش ایونٹ کا پہلا روز مکمل ہو گیا جس میں پاکستانی دستے نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پانچ میں سے تین میچز جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ پاکستان نے مینز سنگلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلوں میں شاندار فتوحات حاصل کیں جبکہ ویمنز سنگلز میں قومی کھلاڑیوں کو ناکامی کا سامنا کرنا …
ایشین گیمز 2026 میں سکواش مقابلوں کا پہلا روز ، پاکستان کے 3 کھلاڑیوں کی اگلے رائونڈ میں رسائی
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):جاپان کے ناگویا کنجو فوٹو ایرینا میں 20ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 کے سکواش ایونٹ کا پہلا روز مکمل ہو گیا جس میں پاکستانی دستے نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پانچ میں سے تین میچز جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ پاکستان نے مینز سنگلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلوں میں شاندار فتوحات حاصل کیں جبکہ ویمنز سنگلز میں قومی کھلاڑیوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔پہلے روز مکسڈ ڈبلز کے رائونڈ آف 32 میں محمد عاصم خان اور مہوش علی کی جوڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کے بپانا بھلون اور ارہنت سمہا کو محض 19 منٹ میں 0-2 (6-11، 10-11) سے آئوٹ کلاس کر کے پیش قدمی جاری رکھی۔ مینز سنگلز کے رائونڈ آف 32 میں کورٹ نمبر 5 پر محمد اشہب عرفان نے یکطرفہ مقابلے میں لبنان کے جیسن کرم کو 18 منٹ میں 0-3 (2-11، 3-11، 0-11) سے باآسانی زیر کیا۔
کورٹ نمبر 4 پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں نور زمان نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے فلپائن کے وان ایرو اینجلو ڈالیڈا کو 20 منٹ میں 0-3 (2-11، 4-11، 3-11) سے ہرا کر رائونڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کیا۔ویمنز سنگلز کے رائونڈ آف 32 میں پاکستان کا سفر جاری نہ رہ سکا جہاں کورٹ نمبر 5 پر سنگاپور کی وائی یھان آئو یونگ نے پاکستان کی ماہنور علی کو 23 منٹ کے کھیل میں 0-3 (9-11، 3-11، 8-11) سے شکست دی۔ اسی زمرے کے دوسرے مقابلے میں ایران کی نجمہ بوشہری زادہ اور پاکستان کی ثناء بہادر کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تاہم 21 منٹ جاری رہنے والے اس سنسنی خیز پانچ سیٹس پر مشتمل میچ میں ایرانی حریف نے 2-3 (9-11، 11-6، 12-10، 8-11، 6-11) سے کامیابی حاصل کر لی۔
ایونٹ کے دوسرے روز 24 ستمبر کو ناگویا کنجو فوٹو ایرینا میں پاکستانی سکواش دستہ رائونڈ آف 16 کے چار اہم میچز کھیلے گا۔ مکسڈ ڈبلز کے کورٹ نمبر 7 پر ناصر اقبال اور سحرش علی کا مقابلہ ہانگ کانگ کے کا یی لی اور منگ ہونگ ٹانگ سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7:00 بجے ہوگا جبکہ اسی کورٹ پر محمد عاصم خان اور مہوش علی کی جوڑی صبح 8:00 بجے میزبان جاپان کے ایرسا سانو اور نائوکی ہیاشی کے مدمقابل ہوگی۔مینز سنگلز کے رائونڈ آف 16 کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10:45 بجے شروع ہوں گے جن میں کورٹ نمبر 5 پر نور زمان کا سامنا کویت کے عمار التمیمی سے ہوگا جبکہ کورٹ نمبر 2 پر محمد اشہب عرفان سعودی عرب کے محمد الناصفان کے خلاف کورٹ میں اتریں گے۔ شائقین سکواش نے قومی ٹیم کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔









