پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی فیفا سربراہ جیانی انفانٹینو سے اہم ملاقات

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہفتے کے موقع پر نیویارک میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہفتے کے موقع پر نیویارک میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان میں فٹ بال کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران جیانی انفانٹینو نے پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے حوالے سے سید محسن گیلانی کے وژن کو سراہا اور تصدیق کی کہ وہ فیفا ایرینا کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔فیفا صدر نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران پی ایف ایف صدر کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور قومی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے پی ایف ایف پر زور دیا کہ آئینی ترامیم کے ذریعے اس کے قوانین کو فیفا اور اے ایف سی کے قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے۔ جیانی انفانٹینو نے پاکستان میں فٹ بال کے مستقبل کے لیے فیفا کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور نوجوانوں کو کھیل کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے فیفا اور پی ایف ایف کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ سید محسن گیلانی نے فیفا صدر اور عالمی فٹ بال ادارے کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وژن ملک بھر میں مضبوط، جامع اور پائیدار فٹ بال نظام قائم کرنا ہے جس میں گراس روٹس پروگرامز، نوجوانوں کی ترقی، ٹیلنٹ کی تلاش اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی مواقع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد فٹ بال کو پاکستان کے ہر کونے تک پہنچانا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے ایسا راستہ بنانا ہے جس کے ذریعے وہ اعلیٰ سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔جیانی انفانٹینو نے جاری فیفا آسیان کپ 2026 کے لیے پی ایف ایف اور پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور آئندہ فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اور فیسٹیول 2026 کے حوالے سے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔