وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے شہیدملک کریم داد حسنی کے صاحبزادوں کی ملاقات

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چاغی کی معروف شخصیت شہید ملک کریم داد حسنی کے صاحبزادوں نے ملاقات کی۔ سابق معاون خصوصی میر اعجاز احمد سنجرانی بھی اس موقع پر موجود تھے

کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چاغی کی معروف شخصیت شہید ملک کریم داد حسنی کے صاحبزادوں نے ملاقات کی۔ سابق معاون خصوصی میر اعجاز احمد سنجرانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید ملک کریم داد حسنی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے صاحبزادوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت بلوچستان کی جانب سے تعریفی خط پیش کیا ۔تعریفی خط میں حکومت بلوچستان کی جانب سے شہید ملک کریم داد حسنی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے اپنی زندگی عوام کی خدمت، قیام امن اور پاکستان کے استحکام کے لیے وقف کر دی تھی۔ وہ بلوچستان میں امن، استحکام، ہم آہنگی اور ترقی کے ہمیشہ علمبردار رہے۔ خط میں کہا گیا کہ شہید ملک کریم داد حسنی نے پاکستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے عزم کے ساتھ زندگی گزاری۔

ان کا غیر متزلزل عزم، حب الوطنی اور دہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف بے خوف جدوجہد قیادت اور عوامی خدمت کی اعلیٰ روایات کی عکاس تھی۔ ان عظیم مقاصد کے حصول کی جدوجہد میں انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہید ملک کریم داد حسنی کی شہادت کو ملک و قوم کی خدمت میں دی جانے والی عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ امن کے لیے ان کی جرات، وفاداری اور وابستگی موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔ تعریفی خط میں کہا گیا کہ شہید ملک کریم داد حسنی کی گراں قدر قومی و عوامی خدمات، حب الوطنی اور عظیم قربانی کے اعتراف میں حکومت بلوچستان انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ امن، قومی اتحاد اور پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ملک کریم داد حسنی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورسوگوار خاندان کو صبر و استقامت عطا کرے۔

 

مزید خبریں